ملیر سٹی میں گھر سے دو ضعیف العمر خواتین کی لاشیں برآمد

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 27 جون 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: ملیر سٹی میں گھر سے دو سگی بہنوں کی لاشیں ملی ہیں، جو پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئیں۔

ایس ایچ او فراست شاہ کے مطابق ملیر کھوکھرا پار نمبر 5، قادری بیکری کے قریب گھر سے دو خواتین کی لاشیں ملنے کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد حاصل کرنے کے بعد لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق ملنے والی لاشیں سگی بہنوں کی ہیں، جن کی عمریں 70 سے 75 سال کے درمیان ہیں اور ان کی شناخت رخسانہ اور شیربانو کے نام سے کی گئی ہے۔

دونوں خواتین غیر شادی شدہ تھیں اور گزشتہ پچاس سال سے زائد عرصے سے اسی گھر میں مقیم تھیں اور علاقے کے بچوں اور خواتین کو قرآن شریف پڑھاتی تھیں۔

محلے داروں نے بتایا کہ دونوں بہنیں بیمار رہتی تھیں اور علاقے کی خواتین ان کی تیمار داری کرتی تھیں۔ بدھ کی صبح انھوں نے دونوں بہنوں کے پیمپر بھی تبدیل کیے تھے۔ رات میں ان کو کھانا دینے کے لیے محلے کی خاتون گئیں تو وہ بے سدھ پڑی ہوئی تھیں۔

ایس ایچ او فراست شاہ نے بتایا کہ دونوں بہنیں جس مکان میں رہتی تھیں اس کی چھت بھی ٹین کی چادر سے بنی ہوئی تھی اور علاقے میں بجلی کی آنکھ مچولی کا بھی سلسلہ جاری ہے۔ ابتدائی طور پر دونوں بہنوں کی ہلاکت طبعی معلوم ہوتی ہے تاہم وجہ موت کا حتمی تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہوسکے گا۔ پولیس مزید چھان بین کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔