نواز الدین صدیقی کو مسلمان ہونے پر بالی ووڈ میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا؟

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جون 2024
نواز الدین صدیقی نے بالی ووڈ کی تعریف کی : فوٹو : فائل

نواز الدین صدیقی نے بالی ووڈ کی تعریف کی : فوٹو : فائل

 ممبئی: بھارت کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی نے کہا ہے کہ پوری دُنیا کو بالی ووڈ سے سیکھنا چاہیے کہ کس طرح انڈسٹری میں تمام مذاہب کا احترام کیا جائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نواز الدین صدیقی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے بالی ووڈ میں مختلف مذاہب کے احترام کے بارے میں بات کی۔

نواز الدین صدیقی نے کہا کہ میں مسلمان ہوں لیکن بالی ووڈ میں میرے مذہب کی بنیاد پر کبھی بھی میرے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا گیا، ہر اداکار اور فلمساز نے عزت و احترام دیا۔

اداکار نے کہا کہ میں گزشتہ کئی عرصے سے بالی ووڈ کا حصہ ہوں، جتنی محبت اور عزت مجھے یہاں ملی ہے، مجھے کہیں اور نہیں ملی، ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے میرے مداح مجھے پسند کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے بھارت کے ہر چھوٹے بڑے شہروں کا سفر کیا ہے، مجھے ہر جگہ محبت ہی نظر آئی، مجھے نہیں معلوم کہ ہمارا میڈیا مذہب سے متعلق نفرت انگیز جھوٹی خبریں کیوں پھیلاتا ہے۔

نوازا الدین صدیقی نے کہا کہ دُنیا بھر کے معاشرے کو بالی ووڈ سے سیکھنا چاہیے کہ تمام مذاہب کا احترام کیسے کیا جائے۔

اداکار نے مزید کہا کہ انوپم کھیر اپنے مذہبی عقائد پر بہت یقین رکھتے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ نصیرالدین شاہ کی بہت عزت کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔