پی ٹی آئی کو بلے کے نشان، مخصوص نشستوں کی واپسی کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جون 2024
پی ٹی آئی نے الیکشن میں دیگر جماعتوں کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کیے،درخواست گزار:فوٹو:فائل

پی ٹی آئی نے الیکشن میں دیگر جماعتوں کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کیے،درخواست گزار:فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو بلے کے نشان کی واپسی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس دینے کی درخواست شہری محمد سلیم نے  184(3) کے تحت دائر کی۔ درخواست میں چیف جسٹس پاکستان  اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں انتخابی نشان کے بغیر حصہ لیا، اب انتخابی نشان واپس کیا جائے۔ درخواست گزار نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی کہ انتخابی نشان بلے کی واپسی کے بعد آزاد امیدواروں کو پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی اجازت بھی دی جائے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کو متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت مخصوص نشستیں فراہم کی جائیں۔ پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں دیگر تمام جماعتوں سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد ایک  کروڑ 84 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔