پٹرول مہنگا ہونے کا امکان، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پمپس کو سپلائی روک دی

طالب فریدی  جمعرات 27 جون 2024
لاہور سمیت ملک بھر میں پٹرول پمپس پر پٹرول کی قلت کا خدشہ

لاہور سمیت ملک بھر میں پٹرول پمپس پر پٹرول کی قلت کا خدشہ

 لاہور: آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم جولائی سے اضافہ ہونے کی اطلاعات پر پٹرول پمپس کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی ایڈوانس رقم لینے کے باوجود بند کر دی.

پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کے سینئر سیکرٹری جنرل خواجہ عاطف نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جو ٹینکر آئل ڈپوؤں سے روانہ ہونے لگے تھے ان سے بھی پٹرولیم مصنوعات کو آف لوڈ کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو پھر لاہور سمیت ملک بھر میں پمپس پر پٹرول دستیاب نہیں ہوگا اور پٹرول پمپس پر لڑائی جھگڑے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ سپلائی نہ دینے کی صرف ایک ہی وجہ ہے کہ یکم جولائی سے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے اور آئل کمپنیوں نے اس پر اربوں روپے منافع کمانا ہے۔

دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیز ایسوسی ایشن کے چئیرمین طارق وزیر علی کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو آئل ریفائنری کی طرف سے سپلائی نہیں مل رہی جب آئل ریفائنری کی طرف سے سپلائی نہیں آئے گی تو کہاں سے پٹرول پمپس کو فراہم کریں ، چئیرمین اوگرا کو خط بھی لکھا ہے کہ آئل ریفائنری کی طرف سے تیل فراہم نہیں کیا جارہا جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو پھر تیل کی سپلائی ممکن نہیں رہے گی۔

پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر سیکرٹری نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور آئل ریفائنری کی ملی بھگت ہے، دونوں مل کر لوٹنا چاہتے ہیں ۔ اگر سپلائی بروقت نہیں ملتی اور قیمت میں اضافہ بھی ہوجاتا ہے تو فائدہ بھی انہی کو ہوگا جن کے پاس کروڑوں لیٹر پٹرول کا ذخیرہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔