وزیراعظم کی آذربائیجان کے ساتھ تجارتی شراکت داری مضبوط کرنے کی ہدایت

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 27 جون 2024
جغرافیائی لحاظ سے پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے سمندر تک اقتصادی راہداری کا قدرتی راستہ فراہم کرتا ہے، شہباز شریف

جغرافیائی لحاظ سے پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے سمندر تک اقتصادی راہداری کا قدرتی راستہ فراہم کرتا ہے، شہباز شریف

 اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے ساتھ اقتصادی و سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون و تجارتی شراکت داری کو مضبوط کرنے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے سمندر تک اقتصادی راہداری کا قدرتی راستہ فراہم کرتا ہے۔ آذربائیجان اور پاکستان کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت کی استعداد اور موجودہ تجارت کو بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں.  حکومت کی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے، توانائی کے شعبے میں تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔