کراچی ایک بار پھر رہنے کے لائق دنیا کے بدترین شہروں میں شامل

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جون 2024
کراچی مسلسل چوتھی بار رہنے کے لائق بدترین شہروں میں 5 ویں نمبر پر ہے

کراچی مسلسل چوتھی بار رہنے کے لائق بدترین شہروں میں 5 ویں نمبر پر ہے

لندن: دی اکنامسٹ کی دنیا میں رہنے کے قابل شہروں کی فہرست کا اجرا کیا ہے جس میں کراچی رہائش کے قابل دنیا کے بدترین شہروں میں پانچویں نمبر پر ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریسرچ اینڈ اینالسز ڈویژن کی اس فہرست کی تیاری میں 173 شہروں کی صحت کی دیکھ بھال، ثقافت و ماحولیات، استحکام، بنیادی ڈھانچے اور تعلیم سمیت متعدد اہم عوامل کی بنیاد پر درجہ بندی کی گئی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق کراچی کا نمبر 169 واں ہے یعنی بدترین قابل رہائش شہروں میں بدستور پانچویں نمبر ہر ہے۔ بنیادی سہولیات کے حساب سے کراچی نے مجموعی طور پر محض 42.7 کا اسکور حاصل کیا۔

کراچی نے علیحدہ علیحدہ کیٹیگری میں صحت کی دیکھ بھال کے لیے 54.2، ثقافت اور ماحولیات کے لیے 35.9، تعلیم کے لیے 75، اور بنیادی ڈھانچے کے لیے 51.8 کے اسکور حاصل کیے ہیں۔

یاد رہے کہ اس فہرست میں کراچی 2019 میں 140 شہروں میں سے 136 ویں اور 2022 میں 140 میں سے 134 ویں نمبر پر تھا جب کہ 2023 میں 173 شہروں میں سے 169 ویں نمبر تھا اور رواں برس بھی یہی نمبر رہا۔

رہائش کے قابل بدترین شہروں میں کراچی سے اوپر صرف  نائجیریا کا لاگوس، الجزائر کا الجزائر سٹی، لیبیا کا طرابلس اور شام کا دارالحکومت دمشق ہے۔

دوسری جانب رہائش کے قابل بہترین شہروں آسٹریا کا شہر ویانا 98.4 کے مجموعی اسکور کے ساتھ اوّل نمبر پر براجمان ہے۔ کوپن ہیگن (ڈنمارک کا شہر ) دوسرےاور زیورخ (سوئٹزرلینڈ کا شہر) تیسرے نمبر پر ہے۔

دنیا کے رہنے کے قابل بہترین شہروں میں شامل دیگر ممالک میں بالترتیب ملبورن، کلیگری، جنیوا، سڈنی، اوساکا وغیرہ شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔