روسی صدر کے سخت ناقد کو نیٹو کا اہم عہدہ مل گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جون 2024
نیدرلینڈز کے وزیراعظم مارک روٹ نیٹو کے سیکرٹری جنرل بن گئے

نیدرلینڈز کے وزیراعظم مارک روٹ نیٹو کے سیکرٹری جنرل بن گئے

ایمسٹر ڈیم: روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے سخت ناقد اور نیدرلینڈز کے وزیراعظم مارک روٹ نیٹو کے نئے سیکریٹری جنرل منتخب ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مارک روٹ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کے دوست اور زبردست حامی ہیں اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن پر کڑی تنقید کے لیے بھی شہرت رکھتے ہیں۔

57 سالہ مارک روٹ 14 سال سے نیدر لینڈ کے وزیراعظم کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے 14 اکتوبر 2010 کو وزیراعظم کا عہدے کا حلف اُٹھایا تھا۔

نیٹو کے موجودہ سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ دس برس کے لگ بھگ خدمات انجام دینے کے بعد سبکدوش ہوجائیں گے جس کے لیے نئے امیدوار کے طور پر نیدرلینڈ کے وزیراعظم مارک روٹ کا انتخاب کرلیا گیا۔

مارک روٹ یکم اکتوبر سے سیکریٹری جنرل نیٹو کا عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ روس کا مقابلہ کرنے کے لیے نیٹو کے طاقتور ہونے کے حامی رہے ہیں اور ان کی تقرری روس کے لیے پریشان کن ثابت ہوسکتی ہے۔

نیٹو کے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے اپنے پیشرو کے طور پر مارک روٹ کی نامزدگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کو اچھے ہاتھوں میں چھوڑ کر جا رہا ہوں۔

نیٹو کے نئے سیکرٹری جنرل کے نام کے اعلان پر روس نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کے حامی مارک روٹ کی تقرری سے نیٹو کے روس سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کا امکان نہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔