پاک کالونی اور گارڈن سے گرفتار و ہلاک ڈکیت قتل سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب نکلے

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 27 جون 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

کراچی: پاک کالونی میں پولیس مقابلے میں ہلاک ڈکیت اور مدینہ کالونی میں فائرنگ زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت متعدد مقدمات میں مطلوب نکلے انہوں نے 8 روز قبل مواچھ موڑ کے قریب دوران واردات سرور نامی فیکٹری ملازم کو بھی قتل کیا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پاک کالونی تھانے کے علاقے حسن اولیا ولیج میوہ شاہ کے ایم سی کٹ کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے ڈکیت کی شناخت حسین کے نام سے کرلی گئی۔ مدینہ کالونی پولیس نے این 4 بس اسٹاپ کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ڈکیت کے ساتھی نعمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کے مطابق پولیس مقابلوں کے دوران ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت سرور نامی فیکٹری ملازم کے قتل میں ملوث تھے، ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں نے 21 جون کو مواچھ موڑ کے قریب دوران واردات سرور نامی فیکٹری ملازم کو سر میں گولی مار کر قتل کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد دن رات کی انتھک محنت سے دونوں ملزمان کا ایک ہفتے کے اندر سراغ لگایا گیا بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے رات گئے دو مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے اور چھاپوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول اور ہنڈا 125 موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ہلاک ملزم حسین ریکارڈ یافتہ عادی کریمنل تھا اور چاکیواڑہ تھانے میں درج 3 مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا تھا، ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کے خلاف مدینہ کالونی اور پاک کالونی تھانے میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

گارڈن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ڈکیت متعدد مقدمات میں ملوث نکلے

اسی طرح گارڈن میں بھی پولیس نے دو ڈکیتوں کو گرفتار کیا تھا جوکہ متعدد مقدمات میں ملوث نکلے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب گارڈن پولیس سے مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزمان محمد احمد عرف وکی اور محمد نعمان پتاسی عرف گوگی متعدد مقدمات میں انتہائی مطلوب و اشتہاری نکلے، ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق گرفتار ملزم محمد احمد عرف وکی نے جون 2021 میں سابقہ کمشنر کراچی سہیل راجپوت کی والدہ کے بنگلے میں گھس کر واردات کی تھی جہاں سے ملزمان نے سونا، پرائز بونڈ اور فارن کرنسی لوٹی تھی اور فرار ہوگئے تھے۔

انہوں ںے بتایا کہ اس کا مقدمہ الزام نمبر 334/2021 بجرم دفعہ 395 کے تحت سمن آباد میں درج ہے، جس میں ملزم کی بیوی فوزیہ گرفتار ہو کر جیل جا چکی تھی اور ملزم محمد احمد عرف وکی اشتہاری ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے، ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ نومبر 2023ء میں گلستان جوہر میں فکس اِٹ پاکستان کے سیکریٹری جنرل سید محمد طہٰ کے بنگلے میں ڈکیتی کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو گولی مار کر زخمی کردیا تھا اور ملزمان کیش اور سونا لوٹ کر فرار ہوگئے تھے اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔

انہوں ںے بتایا کہ ملزمان نے گلستان جوہر میں واقع بنگلے میں گھس کر ڈکیتی کی تھی اور کیش اور سونا لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، ملزمان نے غازی گوٹھ میں واقع ایزی پیسہ کی دکان کو بھی لوٹا تھا جہاں ملزمان نے 1 لاکھ روپے سے زیادہ کیش لوٹا تھا اور فرار ہوگئے تھے، ملزمان نے جوہر کے علاقے میں بنگلے میں ڈکیتی کی تھی جہاں سے ملزمان نے 10 تولہ سونا اور 2 لاکھ روپے سے زائد کیش لوٹا تھا، ملزمان نے اسکاؤٹ کالونی میں بنگلے میں گھس کر واردات کی تھی اور 5 تولہ سونا اور 4 لاکھ روپے کیش لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، ملزمان نے عید الاضحی سے قبل ماڈل کالونی کے علاقے میں بنگلے میں گھس کر واردات کی تھی جس میں ملزمان نے 20 تولہ سونا اور 1.5 لاکھ روپے سے زائد کیش لوٹا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم محمد احمد عرف وکی 2015 اور 2018 میں تھانہ گلستان جوہر اور صدر سول لائن میں بند ہوکر جیل جا چکا ہے، ملزم محمد نعمان 2020ء میں تھانہ عزیز بھٹی اورتھانہ سائٹ سپر ہائی وے میں بند ہوکر جیل جا چکا ہے، ملزمان میں سے پہلے ایک بندہ گھر میں جاکر دروازہ کھلواتا تھا اور دروازہ کھلنے کے بعد باقی ساتھیوں کو بلا کر گھر میں گھس جاتے تھے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔