2024

بارش کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ڈپٹی میئر کراچی

شہر کے مختلف انڈر پاسز اور شاہراہوں پر واٹر کارپوریشن کو مشینری نصب کرنے کی ہدایات دے دی ہیں، سلمان عبداللہ مراد


ویب ڈیسک June 27, 2024
ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا—فوٹو: سلمان عبداللہ مراد فیس بک

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں بارش کی پیشگوئی پر بلدیہ عظمیٰ میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئ ےعملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

سلمان عبداللہ مراد نے جمعرات کو شہر میں بارش کے بعد مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کہا کہ بارش کی پیشگوئی کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عملے کو بھی ضروری اقدامات کرنے کے احکامات دیے ہیں اور متعلقہ محکموں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف انڈر پاسز اور شاہراہوں پر واٹر کارپوریشن کو مشینری نصب کرنے کی ہدایات دے دی ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے ٹاؤن چیئرمین بارشوں میں عوام کی خدمت میں پیش پیش رہیں گے۔

ڈپٹی میئر کراچی نے بارش کے بعد ملیر، کالا بورڈ، ماڈل کالونی، ائیرپورٹ، میٹروپول، شارع فیصل، نرسری اور کارساز سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، کے ایم سی اور ٹاؤنز کی جانب سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے کاموں جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال کنٹرول میں ہے شہر کے کسی مقام یا مرکزی شاہراہ پر بارش کا پانی کھڑا نہیں ہے، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کا عملہ متحرک اور الرٹ ہے۔

سلمان عبداللہ مراد نے عوام سے اپیل کی کہ شہری بارش کے دوران اور بارش کے بعد بھی انتظامیہ سے تعاون کریں اور تیز ہواؤں اور بارشوں کے دوران بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں