کراچی: بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق  

منور خان  جمعرات 27 جون 2024
ریسکیو حکام نے بتایا کہ لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئیں—فوٹو: فائل

ریسکیو حکام نے بتایا کہ لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئیں—فوٹو: فائل

  کراچی: شہر میں بارش کے دوران دو الگ الگ واقعات میں کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق سرجانی کے علاقے سیکٹر سیون اے میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، ان کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ متوفی کی شناخت  22 سالہ اسد رضا کے نام سے ہوئی اور وہ پکوان سینٹر میں کام کرتا تھا اور بارش کے دوران دکان کے باہر کھڑا تھا کہ وہاں سے گزرنے والے بجلی کے تار سے انہیں کرنٹ لگا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا  رہی ہیں۔

ادھر اورنگی ٹاؤن نمبر نوجوان کو کرنٹ لگ گیا جنہیں فوری طور پر ریسکیو نے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 18 سالہ مزمل احمد کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق اورنگی ٹاؤن سے تھا۔

ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن جمال لغاری نے بتایا کہ متوفی ٹھیلے پر حلیم فروخت کرتا تھا اور  بلب لگا رہا تھا کہ انہیں کرنٹ لگا اور اس کے نتیجے میں دم توڑ گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔