ٹی20 ورلڈکپ افریقی کپتان نے پلیئرز کو پُرسکون رہنے کا مشورہ دیدیا

افغانستان پر کامیابی کے حوالے سے مارکرم نے کہا کہ فائنل میں رسائی ہمارے لیے کافی اہمیت رکھتی ہے

افغانستان پر کامیابی کے حوالے سے مارکرم نے کہا کہ فائنل میں رسائی ہمارے لیے کافی اہمیت رکھتی ہے (فوٹو: فائل)

''گھبرانانہیں ہے'' جنوبی افریقی کپتان ایڈین مارکرم نے اپنے پلیئرز کو پْرسکون رہنے کا مشورہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا نے پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کو 9 وکٹ سے شکست دے کر پہلی بار کسی ورلڈکپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس کامیابی کے بعد کپتان ایڈین مارکرم نے اپنے کھلاڑیوں سے کہا کہ انھیں فائنل کے حوالے سے گھبراہٹ کا شکار نہیں ہونا، ہم ایک قدم اور آگے بڑھانے میں کامیاب رہے ہیں۔

پروٹیز قائد کا کہنا تھا کہ پہلی بار ہم نے ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنائی، ہمیں ایسا موقع پہلے کبھی نہیں ملا، میں اپنے کھلاڑیوں سے کہوں گا کہ انھیں فیصلہ کن معرکے کے حوالے سے پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔


یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ، جنوبی افریقا پہلی بار فائنل میں پہنچ گیا

افغانستان پر کامیابی کے حوالے سے مارکرم نے کہا کہ فائنل میں رسائی ہمارے لیے کافی اہمیت رکھتی ہے، یہ پوری ٹیم کی کاوش کا نتیجہ ہے، ہمارے پاس دنیا کے چند انتہائی بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔

مارکرم نے اپنے بولرز اور بیٹرز دونوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو 56 رنز پر آؤٹ کرنے میں بولرز نے اہم کردار ادا کیا، پورے ٹورنامنٹ کے دوران بیٹرز کی کارکردگی بھی کافی شاندار رہی، اب ہمیں فیصلہ کن معرکے کا انتظار ہے، ہم ورلڈ کپ اپنے نام کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

دوسری جانب ناکام کپتان راشد خان نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ ہم کبھی نہیں بھول پائیں گے، پوری ٹیم نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، ہم نے پہلی بار سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی، اب ہم اسی مقام سے اپنے اگلے سفر کا آغاز کریں گے، اگلی بار مزید بہتر بن کر ورلڈ کپ میں لوٹیں گے۔
Load Next Story