پی آئی اے میں جعلی دستاویزات پر 17 برس تک ملازمت کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم کو اسلام آباد کی اسپیشل عدالت کی جانب سے ضمانت منسوخ کیے جانے پر گرفتار کرلیا گیا ہے، ایف آئی اے


ویب ڈیسک June 28, 2024
ایف آئی اے نے کارروائی شروع کردی ہے—فوٹو: ایف آئی اے

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) میں ملازمت حاصل کرکے 17 برس تک ڈیوٹی سرانجام دینے والے ملزم کو ضمانت منسوخی کے بعد گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے ملزم محمد رؤف کی ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ کی تھی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ گرفتار ملزم نے جعلی دستاویزات کے تحت 2003 میں پی آئی اے میں بطور کارگو اسسٹنٹ ملازمت حاصل کی تھی اور اس وقت انہوں نے بھرتی ہونے کے لیے بی اے کی جعلی ڈگری جمع کروائی تھی

ایف آئی اے نےکہا کہ ملزم 17 سال تک پی آئی اے میں ڈیوٹی سرانجام دیتا رہا تاہم جعلی ڈگری کی بنیاد پر انہیں 2020 میں نوکری سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

جعلی ڈگری کی بنیاد پر تنخواہوں کی مد میں قومی خزانے کو 41 لاکھ 42 ہزار روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں