فٹبالرز کی تقلید میں شائقین بھی جسم پر ٹیٹو بنوانے لگے

آلوس،مارسیلو اورنیمارسمیت دیگرپلیئرزکی طرح کے ٹیٹوز کی مانگ میں اضافہ ہوگیا


Sports Desk June 27, 2014
ایک اندازے کے مطابق دنیا میں فٹبال کے پلیئرز سب سے زیادہ ٹیٹو بنوائے ہوئے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

برازیل کے فٹبال کھلاڑیوں کی تقلید کرتے ہوئے شائقین بھی جسم پر ٹیٹو بنوانے لگے۔

ورلڈکپ میزبان ملک کی ٹیم کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ دنیائے فٹبال میں اسی کے پلیئرز نے سب سے زیادہ ٹیٹو بنوائے ہوئے ہیں،23 میں سے 17 کھلاڑیوں کے جسم پر ٹیٹو نظر آتے ہیں، ٹیٹو بنانے والے فنکاروں کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران ڈینیئل آلوس، مارسیلو اور نیمار سمیت دیگر فٹبالرز کی طرح کے ٹیٹو بنوانے کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے،19سالہ ایلیسانڈرو کورادینی نیمار کے بہت بڑے مداح ہیں،انھوں نے فٹبالرکے پانچوں ٹیٹوز میں ہلکی سی تبدیلیاں کر کے اسی فنکار سے یہ ٹیٹو بنوائے جس نے نیمار کیلیے بنائے تھے۔

بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ مجھے نیمار کا انداز پسند ہے تاہم ٹیٹو میرے لیے پرسنل ہیں، مجھے انھیں بنوانے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہوگا، انھوں نے مزید کہا کہ میں نے ایسے مداح بھی دیکھے جنھوں نے نیمار کا نام اپنے منہ پر ٹیٹو کرایا ہے، میں بھی ان کا بہت بڑا پرستار ہوں مگر ایسا کبھی نہیں کروں گا۔ایلیسانڈروکے والد اٹلی اور والدہ برازیل سے تعلق رکھتی ہیں، انھیں نیمار کے بارے میں اس وقت پتہ چلا جب والدہ مقبول ترین کھلاڑی کے کلب سانتوس کا ایک میچ دکھانے لے گئیں۔ایلیسانڈرو خود بھی فٹبال کھیلتے اور اٹلی میں اپنا کیریئر بنانے کیلیے کوشاں ہیں، وہ مستقل طور پر برازیل منتقل ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تاکہ والدہ کے قریب رہ سکیں اور ساتھ ہی اپنے پسندیدہ اسٹار سے مل سکیں۔

برازیلین کھلاڑی ایلکساندرے پاٹو اور چلی کے بالدیویا کے ٹیٹو بنانے والے ساؤ پاؤلو کے آرٹسٹ اکمی ہگاشی نے کہاکہ فٹبالرزکے ٹیٹو بنوانے کی وجہ باڈی آرٹ کے ذریعے اظہارِ تشکر بھی ہے،انھوں نے اس رجحان کا ذمہ دار برطانوی کھلاڑی ڈیوڈ بیکھم کو ٹھہرایا جنھوں نے اپنے جسم پر بہت سے ٹیٹو بنوا رکھے ہیں، ہگاشی نے کہا کہ آج بھی کھلاڑی بیکھم جیسا ٹیٹو بنوانا چاہتے ہیں،ان سے پہلے آپ کو فٹبالرزپر ٹیٹو نظر نہیں آتے تھے، یہ رجحان انہی کا شروع کردہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں