وزیراعظم کا پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل فوری شروع کرنے کا حکم
تحلیل کے عمل کے دوران ملازمین کے مفادات کے تحفظ اور ادارے کے اثاثہ جات کیلیے ایسٹ مینجمنٹ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فی الفور پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کا عمل شروع کیا جائے، تحلیل کے عمل کے دوران ملازمین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل اور اس کے متبادل کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل، جاری منصوبوں پر عمل درآمد، پی ڈبلیو ڈی کے متبادل اور تعمیر و مرمت کیلئے نجی شعبے کی کمپنیوں کی خدمات کے حصول کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کو متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سے مکمل کروایا جائے گا جبکہ پی ڈبلیو ڈی کو کسی قسم کا نیا منصوبہ نہیں دیا جائے گا، تعمیر و مرمت کا کام بین الاقوامی معیار کی نجی کمپنیوں کو آوٹ سورس کیا جائے گا۔
اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے اس حوالے ملازمین کے مفاد کا تحفظ کرتے ہوئے ایک قابل عمل اور جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو جلد اس عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس عمل کی خود نگرانی کریں گے، پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے انتظام کیلئے ایک ایسٹ مینجمنٹ کمپنی تشکیل دی جائے گی، پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹائیز کیا جائے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کا مزید بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، اس حوالے سے جاری عمل کی نگرانی میں بذات خود کروں گا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، ریاض حسین پیرزادہ، احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔