نیپال میں لینڈ سلائیڈنگ سے بچوں سمیت 9 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 30 جون 2024
نیپال میں مون سون بارشوں میں سالانہ سیکڑوں ہلاکتیں ہوتی ہیں—فوٹو: فائل

نیپال میں مون سون بارشوں میں سالانہ سیکڑوں ہلاکتیں ہوتی ہیں—فوٹو: فائل

کھٹمنڈو: نیپال کے مغربی علاقے میں مون سون کی شدید بارش کے نتیجے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے 3 بچوں سمیت 9 افراد ہلاک اور کئی گھر تباہ ہوگئے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیپال کے سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ مون سون سیزن کی موسلادھار بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور اس کے نتیجے میں متعدد گھر تباہ ہوئے اور ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسکیو اینڈ ریڈکشن منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ڈیزان بھٹارائے نے بتایا کہ دارالحکومت کھٹمنڈو سے 156 میل دور ضلع گلمی کے گاؤں ملیکا میں لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ خاندان کے افراد گھر میں سو رہے تھے کہ ان کا گھر لینڈ سلائیڈ کی زد میں آگیا اور تباہ ہوگیا۔

ڈیزان بھٹارائے نے بتایا کہ پانچوں افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور مذکورہ خاندان میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

دوسرے ضلعے سیاگجا میں لینڈ سلائیڈ سے ایک خاتون اور ان کی تین سالہ بیٹی ہلاک ہوگئیں اور ان کے گھر کا بھی صفایا ہوگیا، اسی طرح ضلع بگلنگ میں بھی لینڈ سلائیڈ سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔

نیپال میں جون کے وسط سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈ، سیلاب اور آسمانی بجلی گرنے سے مجموعی طور پر 35 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مون سون سیزن کے دوران نیپال کے خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سالانہ لینڈ سلائیڈنگ ہوتی ہے اور بارشوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور سیکڑوں ہلاکتیں رپورٹ ہوتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔