روہت شرما نے بھی کوہلی کی تقلید کرتے ہوئے ٹی 20 انٹرنیشنل کو خیر باد کہہ دیا

ویب ڈیسک  اتوار 30 جون 2024
(فوٹو: آئی سی سی )

(فوٹو: آئی سی سی )

باربا ڈوس: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم بھارت کے کپتان روہت شرما نے بھی ٹی 20 انٹرنینشل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔

بھارت نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقا کو 7 رنز سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

فائنل میں کامیابی کے فوراً بعد بھارت کے بیٹر ویرات کوہلی نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، ان کی تقلید کرتے ہوئے روہت شرما نے بھی مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کا ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

فائنل میچ کے بعد ہونے والی ایک پُرہجوم پریس کانفرنس میں روہت شرما نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اس سے بہتر کوئی اور موقع نہیں ہو سکتا۔

روہت شرما نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اب صرف ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں گے۔

اپنے ٹی 20 انٹرنیشنل کیرئیر میں روہت شرما نے سب سے زیادہ 4231 رنز 32.05 کی اوسط سے 159 میچز میں بنائے۔

ٹی 20 انٹرنیشنل کیرئیر میں سب سے زیادہ 205 چھکے لگانے والے روہت شرما نے 5 سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔