تیزرفتاری پر جرمانے سے بچنے کیلئے شہری کی چالاکی

ویب ڈیسک  اتوار 30 جون 2024
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

مونٹ پیلیئر: ایک فرانسیسی شخص نے تیز رفتار گاڑی چلانے پر جرمانے سے بچنے کیلئے اپنی گاڑی کا رنگ ہی تبدیل کرلیا تاہم پولیس نے نے اس کی اس چال کو ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک فرانسیسی شہری پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے اپنی پورشے اسپورٹس کار کو تیز رفتار سے چلایا اور پولیس کی طرف سے رکنے کے اشارے کے باوجود ملزم نہیں رُکا جبکہ بھاری جرمانے سے بچنے کے لیے اس نے پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی بھی کوشش کی اور اپنی گاڑی کا رنگ تبدیل کرلیا۔

یہ واقعہ مونٹ پیلیئر شہر میں پیش آیا جہاں فرانسیسی پولیس نے ایک ڈرائیور کو دیکھا جو 188 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔ جب انہوں نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو وہ بجائے رکنے کے، ان کے پاس سے تیزی سے گزر گیا۔

گاڑی کی رفتار اتنی تیز تھی کہ پولیس اہلکار ملزم کا پیچھا کرنے یا اس کی لائسنس پلیٹ نمبر حاصل کرنے سے بھی قاصر رہے۔ تاہم انہوں نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ یہ کار ایک چمکدار سبز پورش 911 اسپورٹس کار ہے۔

اس علاقے میں صرف ایک شخص تھا جو سبز پورش چلاتا تھا۔ جب پولیس نے اسے تھانے بلوایا تو افسران یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اس کی اسپورٹس کار سرمئی رنگ کی ہے۔

40 سالہ مشتبہ شہری نے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ وہ ملزم ہو ہی نہیں سکتا جس کی وہ تلاش کر رہے ہیں کیونکہ واقعے کے دن اس کی گاڑی کا ٹائر پنکچر تھا۔ افسران نے اپنی تفتیش جاری رکھی اور گاڑی کا معائنہ کرنے پر مختلف حصوں میں سبز رنگ کے نشانات پائے گئے۔ ملزم کو دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے اور پولیس افسران کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔