بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف لیاری کے مکینوں کی احتجاجی ریلی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 30 جون 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف لیاری کے مکین سڑکوں پر نکل آئے، لیاری بچاؤ تحریک کی کال پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ 

لیاری بچاؤ تحریک کی کال پر نکالی گئی احتجاجی ریلی  لیاری سے پریس کلب پہنچی، ریلی میں سیکڑوں کی تعداد میں لیاری کے مکینوں خواتین، بزرگ بچوں اور نوجوانوں، سیاسی و سماجی تنظیموں کے  نمائندوں اور تاجروں نے شرکت کی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ لیاری میں طویل لوڈ شیڈنگ سے مکینوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے حکومت لیاری میں جاری طویل لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے۔

لیاری کے مکینوں کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں 16سے 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے لیاری کے مکین شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں۔

علاقہ مکینوں نے کہا کہ گھروں پر مریض اور برزرگ افراد شدید اذیت کا شکار ہیں، رات کے اوقات میں کی جانے والی بھیانک لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کو نفسیاتی مریض  بنادیا ہے،  بجلی کمپنی کا غیر انسانی رویہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

مکینوں نے مطالبہ کیا کہ لیاری کے صارفین کو 300 یونٹ تک بجلی مفت مہیا کی جائے، گزشتہ 15سال کے دوران لیاری کے عوام کو بھیجے گئے اووربل ختم کیے جائیں۔

کراچی پریس کلب کے باہر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لیاری کے سماجی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ہیٹ ویو میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی ایف آئی آر کے الیکٹرک کے سی ای او کے خلاف کاٹی جائے اور لواحقین کو ہرجانہ دیا جائے۔

لیاری بچاؤ تحریک کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ مطالبات کی عدم منظوری اور لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ آنے پر بلوں کی ادائیگی روک دی جائیگی اور بجلی کے میٹرز کو نذر آتش کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔