نارتھ ناظم آباد میں تاجر سے 15 لاکھ ڈکیتی میں شامل ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 30 جون 2024
پولیس کے مطابق ملزمان کو ہفتے کی شب مقابلے کے دوران گرفتار کرلیا گیا—فوٹو: فائل

پولیس کے مطابق ملزمان کو ہفتے کی شب مقابلے کے دوران گرفتار کرلیا گیا—فوٹو: فائل

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ نارتھ ناظم آباد میں کپڑوں کے تاجر سے15 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا کیس حل کر لیا گیا ہے اور ڈکیتی میں شامل ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

کراچی کے ضلع وسطی کی پولیس کے مطابق تاجر خیراللہ کپڑوں کا بورا اور 15 لاکھ کیش لے کر مال کی خریداری کے لیے رکشے میں سوار ہو کر بولٹن مارکیٹ جارہے تھے کہ نارتھ ناظم آباد بلاک بی لائف لائن اسپتال کے سامنے مرکزی سڑک کے قریب 2 مسلح ملزمان نے لوٹ لیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ واردات ہفتے کو ہوئی تھی اور 3 ملزمان کو پولیس نے رات کو لیاقت آباد تھانے کی حدود ندی کنارہ بانٹوا نگر سے مقابلے کے بعد زخمی حالت  میں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، دستاویزات کے ساتھ پرس، رکشہ اور نقد رقم برآمد کی گئی۔

وسطی پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے برآمد ہونے والا سامان نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں کپڑوں کے تاجر سےڈکیتی کے  دوران لوٹا گیا تھا۔

ملزمان کے طریقہ واردات کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ ملزمان واردات کے لیے رکشے کا استعمال کرتے تھے، رکشہ ڈرائیور سواریوں کو بیٹھانے کے بعد اپنے ساتھیوں کو مطلع کرتا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں بلال شاہ، حنیف الرحمان اور عامر حبیب شامل ہیں اور گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔