کراچی مختلف علاقوں سے تین افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد
لاشیں ملنے کے واقعات پرانا گولیمار اور ناظم آباد میں پیش آئے، پولیس نے تحقیقات شروع کردی
شہر کے مختلف علاقوں سے تین افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک کالونی تھانے کی حدود پرانا گولیمار میں ندی کے قریب سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جس کے چہرے اور گردن پر کئی گولیاں ماری گئی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر قتل کا واقعہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، جہاں سے لاش ملی مقتول اسی آبادی کا رہائشی تھا، مقتول کے پاس سے پولیس کا آئی ڈی کارڈ بھی ملا جس پر شکیل نام درج تھا۔
بعدازاں ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق مقتول کی شناخت امان خان آفریدی کے نام سے ہوئی، امان آفریدی کا والد شکیل پولیس اہلکار تھا، 12 سال پہلے گینگ وار نے پولیس اہلکار کو شہید کر دیا تھا، بیٹا اپنے باپ کا جعلی ائی ڈی کارڈ بنا کر استعمال کرتا تھا جس پر مقتول کے خلاف پہلے بھی مقدمہ درج تھا۔
دوسری جانب ناظم آباد نمبر 2 کابلی مارکیٹ کے گھر سے 2 افراد کی گلا کٹی لاشیں ملیں جن کی شناخت محمد ایوب اور سب خان کے ناموں سے ہوئی۔ مقتولین کی عمریں 35 سے 45 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہیں، دونوں برف کا کام کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق ایوب خان کی فیملی تین ہٹی جبکہ مقتول سب خان کی فیملی میٹرول کی رہائشی بتائی جاتی ہے تاہم ابھی پولیس ورثا کی تلاش کر رہی ہے، مقتولین سات سال سے مذکورہ مکان میں رہائش پذیر تھے۔
پولیس نے لاشیں عباسی شہید اسپتال پہنچائیں جہاں پوسٹ کے بعد ریسکیو حکام کے حوالے کردی گئیں، جائے وقوعہ سے کرائم سین یونٹ نے شواہد جمع کرلیے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ مقتولین اور ملزمان ایک دوسرے کو جانتے تھے جس کی وجہ سے ملزمان گھر میں باآسانی داخل ہوگئے اور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جارہی ہے۔