حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھادیں

ارشاد انصاری  اتوار 30 جون 2024
 فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو نئے مالی سال 25-2024 کے پہلے وفاقی بجٹ کی پہلی سلامی دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9.56پیسے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا، وزارتِ خزانہ نےپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت  میں 7 روپے 45 پیسے  کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول 258.16 روپے سے بڑھ کر 265.61روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 9 روپے 56 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد  ڈیزل کی قیمت 267.89 روپے سے بڑھ کر 277.49 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےلائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 9 روپے 88 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اوگرا کی سفارشات پر اضافہ وزیراعظم کی منظوری سے کیا گیا ہے اور بجٹ میں اعلان کردہ پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں اضافے کو ان قیمتوں میں شامل نہیں کیا گیا ہے اور یہ اضافہ اس کے بغیر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہوگیا ہے جو اگلے پندرہ روز تک لاگو رہیں گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔