سلطانہ صدیقی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب شوبز ستاروں کی شرکت

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے فنکارہ کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا


Staff Reporter July 01, 2024
فوٹو : ایکسپریس

آرٹس کونسل پاکستان کراچی میں ستارہ امتیاز و پرائڈ آف پرفارمنس سلطانہ صدیقی کے 50 سالہ شوبز کیریئر اور سماجی خدمات کے اعتراف میں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تقریب کے آغاز میں سلطانہ صدیقی کی زندگی پر بنائی گئی شو ریل پیش کی گئی۔

تقریب میں انور مقصود، محمد احمد شاہ، ماہرہ خان، عارف حبیب، نورالہدی شاہ، حمید ہارون، خوش بخت شجاعت، مہتاب اکبر راشدی، جاوید جبار، مومنہ، درید، بشریٰ انصاری، ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، اعجاز اسلم ، خالد انعم، مومل، انیس ہارون، جاوید شیخ، صنم سعید، شاہ زیب خانزادہ، امجد شاہ، ایم ظہیر خان، ٹینا ثانی، زیبا بختیار،آصف رضا میر اور اصلاح الدین نے اظہار خیال کیا۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ سلطانہ آپا اٹھارہ سال کی ایک شریر سی لڑکی ہے، سلطانہ آپا کو تین نسلوں نے ٹریبیوٹ پیش کیا ہے، سلطانہ آپا ایک ہنستی مسکراتی اور محنت کرنے والی خاتون ہیں۔

معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ سلطانہ آپا جو چاہتی ہیں وہ کر کے دکھاتی ہیں، انہوں نے اپنی زندگی میں کسی کو نہیں دیکھا کہ جنہوں نے اپنے بزنس کے نام اپنی بہوؤں کے نام پر رکھے ہوں، انہوں نے ہمیشہ سلطانہ آپا کو اپنوں کے لئے خوش دیکھا ہے۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ آپا کو جتنے ٹریبیوٹ دیئے جائے کم ہیں، جتنی کامیابی ڈرامے کو ملی ہے اس کی وجہ سلطانہ آپا ہیں، آج وہ جس مقام پر ہیں اس کی وجہ سلطانہ صدیقی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نور الہدی شاہ، بشریٰ انصاری، خوش بخت شجاعت، عدنان صدیقی، مہتاب اکبر راشدی، آصف رضا میر، اعجاز اسلم، انیس ہارون ودیگر نے بھی سلطانہ صدیقی کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر سلطانہ صدیقی نے کہا کہ وہ آرٹس کونسل اور احمد شاہ کی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے زندگی میں ہی انہیں ٹریبیوٹ دیا اور انہیں خوشی ہے کہ ان کے کام کو ان کے بچے آگے لے کر جائیں گے۔

تقریب میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے سلطانہ صدیقی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں