کراچی؛ باپ پر تشدد کرنے والا ناخلف بیٹا گرفتار، مقدمہ درج

منور خان  پير 1 جولائی 2024
باپ پر تشدد کرنے والا ناخلف بیٹا حسان پولیس کی حراست میں ( فوٹو: ایکسپریس نیوز)

باپ پر تشدد کرنے والا ناخلف بیٹا حسان پولیس کی حراست میں ( فوٹو: ایکسپریس نیوز)

  کراچی: سچل پولیس نے باپ پر تشدد کرنے کے الزام میں بیٹے کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ، پولیس نے ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر بزرگ شہری کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ روتے ہوئے اپنے بیٹے کی جانب سے کی جانے والی زیادتی کے حوالے سے بتا رہے تھے، پولیس حکام نے ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ شہری محمد جاوید کی مدعیت میں اس کے بیٹے حسان کے خلاف مقدمہ درج  کرتے ہوئے ملزم بیٹے کو گرفتار کر کے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

مدعی مقدمہ کے مطابق وہ کوئٹہ ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی اسکیم 33 کا رہائشی ہے اور ریٹائر زندگی گزار رہا ہے،  میرا بیٹا حسان اپنی والدہ کو مارتا اور بدتمیزی کرتا تھا جس کی وجہ سے اس کا انتقال ہوگیا، اور اب وہ نشے کے حالت میں گھر آتا ہے اور تھوڑ پھوڑ کرتا ہے اور مجھ سے بھی مار پیٹ بھی کرتا ہے۔

بزرگ شہری نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ بیٹا دھمکیاں دیتا ہے کہ مکان فروخت کر کے مجھے پیسے دو،  10 جون کو میرا بیٹا اپنے 2 گارڈز شاکر ، بخت اللہ اور دوست موسیٰ ، احسن رضا ، طلحہٰ ملک ، وقار اور طلال کے سمیت دیگر متعدد افراد صورت شناس صبح 6 بجے آیا اور جب ہمارے گارڈ نے انھیں روکنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ بھی مار پیٹ کی، اورمجھے اور میرے بیٹے سعد کو بھی مارا۔

مدعی مقدمہ کے مطابق  بیٹا اپنے دوست اور گارڈز کے ہمراہ زبردستی میرے گھر میں داخل ہوا، اورمیری اہلیہ کا زیور 20 سے 25 تولہ اور میرے داماد کے 8 ہزار امریکی ڈالر چوری کرلیے جبکہ بہن اور  میرے ساتھ  گالم گلوچ کی۔

مدعی کے مطابق میں نے بروقت تھانے میں واقعہ کی درخواست دی اوراب باقاعدہ واقعے کی رپورٹ درج کرانے آیا ہوں جس پر پولیس نے مقدمہ نمبر 1078 سال 2024 بجرم دفعات 147 ، 149 ، 452 ، 380 اور 427 سمیت دیگر دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا جبکہ پولیس نے باپ سے مار پیٹ کرنے والے بیٹے حسان کو گرفتار کر کے پستول سمیت دیگر اسلحہ برآمد کرلیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔