اوباما نے کانگریس سے شامی باغیوں کی تربیت کیلئے50 کروڑ ڈالرمانگ لئے

امداد مخالفین کے ہاتھوں میں پہنچنے کے خدشے کے پیش نظر رقم کی تقسیم سے پہلے باغیوں کی چھان بین کی جائے گی، وائٹ ہاؤس

ملنے والی رقم سے باغی فوجیوں کے زیر کنٹرول علاقوں کو بھی مستحکم کیا جا سکے گا، وائٹ ہاؤس. فوٹو: رائٹرز/فائل

امریکی صدر براک اوباما نے شام میں بشار الاسد کے مخالف برسر پیکار باغی افواج کی تربیت اور انہیں ہتھیار فراہم کرنے کے لیے کانگریس سے 50 کروڑ ڈالر کا مطالبہ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ براک اوباما نے شامی باغیوں کی تربیت اور انہیں فوجی سازو سامان فراہم کرنے کے لئے کانگریس سے 50 کروڑ ڈالر کا مطالبہ کیا ہے، اس رقم سے شامی عوام بشار الاسد کی فوج کے خلاف اپنا دفاع کرنے کے علاوہ دولت اسلامی عراق و شام (داعش) جیسی شدت پسند تنظیموں کا بھی مقابلہ کرسکیں گے، اس رقم سے باغی فوجیوں کے زیر کنٹرول علاقوں کو بھی مستحکم کیا جا سکے گا۔


دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا امداد مخالفین کے ہاتھوں میں پہنچنے کے خدشے کے پیش نظر رقم کی تقسیم سے پہلے باغیوں کی چھان بین کی جائے گی۔

واضح رہے کہ شام میں گزشتہ 3 سال سے بشار الاسد کے حامی فوجیوں اور باغیوں کے درمیان جاری خانہ جنگی میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بےگھر ہو چکے ہیں۔
Load Next Story