کورونا میں مبتلا ہونے کا خدشہ ارجن رامپال قرنطینہ میں چلے گئے
اداکار کی نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے دو ساتھیوں اداکار مانو کول اور آنند تیواری کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا
بالی وڈ اداکار ارجن رام پال کورونا میں مبتلا ہونے کے خدشے کے پیش نظر اپنے گھر میں قرنطینہ ہوگئے ہیں۔
اداکار نے حال ہی میں اپنی آنے والی فلم 'نیل پولش' پر دوبارہ کام شروع کیا تھا تاہم شوٹنگ کے دوران ان کے دو ساتھیوں اداکار مانو کول اور آنند تیواری کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکار نے مداحوں کو خبر دی کہ ان کے دو دوستوں کے کورونا پوزیٹیو آنے کے بعد وہ گھر پر قرنطینہ ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کپ فلم پروڈکشن نے فوری طور پر شوٹنگ روک دی کیونکہ یہ صحیح کام ہے۔ ہم سب کا دوبارہ امتحان لیا جا رہا ہے۔ امید ہے کہ جلد ہی دوبارہ شروع ہوجائے گا۔
اداکار نے لکھا کہ یہ آزمائش کا وقت ہے لیکن ہم سب کو بہادر ہونا ہوگا۔ اپنے دوستوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں ۔
25 ستمبر کو ارجن نے انکشاف کیا کہ ان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے لیکن اگلے کچھ دنوں میں انہیں دوبارہ ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
واضح رہے کہ ارجن رامپال نے اس فلم 'نیل پولش' میں ایک ہائی پروفائل وکیل سڈ جے سنگھ کا کردار ادا کیا ہے۔