وسیم اکرم کے مذاق اڑانے کا انضمام بُرا مان گئے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 2 جولائی 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی:  وسیم اکرم کے باربار مذاق اڑانے کا انضمام الحق بْرا مان گئے، انھوں نے دبے لفظوں میں سابق فاسٹ بولر کو محتاط رہنے کا مشورہ بھی دے دیا،سابق بیٹر کا کہنا ہے کہ میرے سینئر  کرکٹر کو سمجھنا چاہیے کہ ایک ہی بات کرکے وہ کسی کی توہین کررہے ہوتے ہیں، دوسروں کے پاس بھی ایسی باتیں ہوتی ہیں جو کہی جائیں تو شاید ان کو بْرا لگ جائے۔

تفصیلات کے مطابق سابق پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم نے چند برس قبل ایک معروف بھارتی کامیڈی پروگرام میں انضمام الحق کا ایک واقعہ بتایا تھاکہ میں نے شارجہ میں کھیلے گئے میچ کے آخری اوور انضمام سے کہا کہ آپ تھکے ہوئے ہیں، سنگل لے کر اسٹرائیک مجھے دے دیں، ایمبروز کا یارکر پاؤں پر لگا تو وہ نیچے گرگئے، میں رن لینے کیلیے ان کے سرپر پہنچ گیا، انھوں نے مجھے دیکھ کر کہا کہ وسیم بھائی آپ یہاں کیا کررہے ہیں۔

اس پر سب نے قہقہہ لگایا، وسیم نے اس کے بعد بھی کئی ٹی وی پروگرامز میں اسے دہرایا۔ انضمام الحق نے اب اس کا جواب دیا ہے، انھوں نے کہا کہ رن آؤٹ کے معاملے میں میں کافی بدنام رہا، کوئی دوسرا اپنی غلطی سے بھی آؤٹ ہوجاتا تو ذمہ داری میرے اوپر ڈال دی جاتی، اگرچہ اب میرا رن آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ چکا لیکن لوگ بدستور اس پر بات کرتے ہیں۔

سابق کپتان انضمام الحق نے فاسٹ بولر کی جانب سے بیان کیے گئے واقعے پر کہا کہ وسیم اکثر مزے لے کر یہ بات بتاتے ہیں مگر کوئی ان سے یہ نہیں پوچھتا کہ جب میں نیچے گرا تھا تو آپ رن لینے کیلیے دوڑے ہی کیوں،کیا آپ کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی، انضمام نے کہا کہ وسیم اکرم میرے سینئر ہیں، وہ بڑے خوش ہو کر یہ واقعہ سناتے ہیں ،ایسے تو میں بھی کافی ساری باتیں سنا سکتا ہوں لیکن میں چھوڑ دیتا ہوں، یہ مذاق نہیں ہے، آپ دوسرے کی توہین کر رہے ہو ، وہ میرے سینئر ہیں، میں ان سے کہوں گا کہ  تھوڑا سا خیال کیا کریں،دوسرا آدمی بھی کوئی ایسی بات کہہ دے جو آپ کو بْری لگ جائے تو یہ اچھا نہیں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔