پنجاب میں 3 اینیمل ریسکیو سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 2 جولائی 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 لاہور: محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے پنجاب میں 3 اینیمل ریسکیو سینٹرز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک نے لوئی بھیر چڑیا گھر/ پارک کا دورہ کیا اور جنوبی سائیڈ پر اینیمل ریسکیو سینٹرز کی تعمیر کے لیے جگہ اور فزیبلٹی کا جائزہ لیا، جہاں وائلڈ لائف راولپنڈی کی انتظامیہ نے انہیں بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چڑیا گھر، خانیوال اور لاہور کے جلو پارک میں 3 اینیمل ریسکیو سینٹرز بنائے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لوئی بھیرچڑیا گھر کے پاس موجود تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ لوئی بھیر پارک /چڑیا گھر میں جانور کے انکلوژر اور پارک کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا ۔

ڈی جی وائلڈلائف کا کہنا ہے کہ ریسکیو سینٹرز میں جنگلی حیات / جانوروں کو مکمل بحالی تک رکھا جائے گا۔ اس سے قبل پنجاب میں کوئی بھی جدید طرز کا اینیمل ریسکیو سینٹر نہیں ہے ۔

انہوں نے لوئی بھیر چڑیاگھر کے تمام سیکشنز کا تفصیلی جائزہ لیا اور لوئی بھیر میں باؤنڈری اور وائلڈ لائف کی مناسب نگرانی کے لیے واچ ٹاور کی تعمیر کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ واچ ٹاور سے لوئی بھیر چڑیاگھر کا واچ اینڈ وارڈ سسٹم زیادہ موثر ہو گا۔ انہوں نے شدید گرمی سے جانوروں کو بچانے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ جنگلی جانوروں کی دیکھ بھال اور بہبود انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔