’’بجلی پٹرول مہنگا ہو تو وزیراعظم چور‘‘بیرسٹر سیف نے مریم نواز کو بیان یاد دلا دیا
مشیر اطلاعات پختونخوا بیرسٹر سیف نے مریم نواز کا بیان دہراتے ہوئے کہا ہے کہ راج کماری کا قول ہے کہ جب پیٹرول اور بجلی مہنگا ہو جائے تو سمجھ لو ملک کا وزیراعظم چور ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے تیارکردہ وفاقی بجٹ کے اثرات پہلے دن سے شروع ہوگئے ہیں۔ جعلی حکومت نے مالی سال کے پہلے ہی دن عوام پر پیٹرول بم گرادیا۔
انہوں نے کہا کہ راج کماری مریم نے اپنے چچا شہباز شریف کے چور ہونے پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ راج کماری کا قول ہے کہ جب پیٹرول اور بجلی مہنگا ہوجائے تو سمجھ لو ملک کا وزیراعظم چور ہے۔پیٹرول اور بجلی دونوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ نواز شریف کہا کرتے تھے کہ رات کے اندھیرے میں پیٹرول مہنگا کرنا عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمتوں سے پہلے سے بے قابو مہنگائی اب مزید بے لگام ہو جائے گی۔ یہ تو آئی ایم ایف بجٹ کی شروعات ہے، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔ عوامی مینڈیٹ سے منتخب حکومت عوامی مفادات سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے جب کہ مینڈیٹ چور حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔