پاکستان اور افغان عبوری حکومت کے درمیان ایک بار پھر باضابطہ رابطہ
اقوام متحدہ کے زیر اہتمام افغان کانفرنس میں شریک افغان وفد کی پاکستانی وفد سے ملاقات ہوئی
قطر کے شہر دوحہ میں پاکستان اور افغان عبوری حکومت کے درمیان ایک بار پھر باضابطہ رابطہ ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے زیر اہتمام افغان کانفرنس میں شریک افغان وفد کی پاکستانی وفد سے ملاقات ہوئی، افغان وفد کی بھارتی وفد سے پہلے ہی دن ملاقات ہوگئی تھی۔
پاک افغان وفود کی ملاقات قطر میں پاکستانی سفیر کی رہائش گاہ پر ہوئی جس میں پاکستانی وفد کے سربراہ آصف درانی اور افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد موجود تھے۔ پاکستانی سفیر نے افغان وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہت کچھ مشترک ہے، امن کی خواہش دونوں اطراف موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق دوحہ میں پاک افغان وفود کی ملاقات مثبت رہی، افغان وفد نے کانفرنس میں افغان موقف کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا جبکہ افغان وفد نے پاکستانی حمایت کو عوامی سطح پر سراہا۔