متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے تاریخی جلسے کا انعقاد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اور مشکل ترین جنگ میں دشمنوں کے خلاف صف آرا ہے۔
لندن سے جاری بیان کے مطابق الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی دیگر تمام مصروفیات ترک کرکے دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے لئے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے تاریخی اجتماع کا کراچی میں انعقاد کرے جس میں پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیاجائے۔ انہوں نے پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اس تاریخی جلسے کی بھرپور کوریج اپنا قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں جب کہ انہوں نے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما، پارٹی کارکنوں اور تاجر برادری سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی جلسے میں بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کی۔
الطاف حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری مسلح افواج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اور مشکل ترین جنگ میں دشمنوں کے خلاف صف آراء ہیں اور ہمارے جوان،افسران دہشت گردوں کے خاتمے کی اس جنگ میں جام شہادت نوش کررہے ہیں جبکہ بے پناہ قربانیوں کے باوجود بھی مسلح افواج کے حوصلے چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔ ایم کیوایم کے قائد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونےوالے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت جبکہ آپریشن میں مصروف فوجی جوانوں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔