کراچی؛ پولیو کیس سامنے آنے کے بعد کیماڑی میں خصوصی انسداد پولیو مہم

اسٹاف رپورٹر  منگل 2 جولائی 2024
شکارپور میں بھی ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے:فوٹو:فائل

شکارپور میں بھی ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے:فوٹو:فائل

  کراچی: کراچی کے علاقے کیماڑی میں پولیو کیس رپورٹ ہونے کے بعد انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا۔  

محکمہ صحت سندھ  نے کیماڑی میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیاجس کے تحت 13 جولائی تک ضلع کیماڑی کے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

چند روز قبل ضلع کیماڑی سے 3 سالہ بچی کے پولیو وائرس کے سبب معذورہونے کا انکشاف ہوا تھا ۔ ضلع کیماڑی میں خصوصی انسداد پولیو مہم آج سے 13 جولائی تک جاری رہے گی جس میں پانچ سال کی عمر تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے ذریعے زیرو ڈوڈز والے بچوں کو بھی ہدف بنایا گیا ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے مطابق رواں سال سندھ سے 2 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے ایک شکارپور جبکہ دوسرا کراچی ضلع کیماڑی سے رپورٹ کیا گیا ہے۔ شکار پور سے ڈھائی سالہ بچہ جبکہ ضلع کیماڑی سے 3 سالہ بچی پولیو کے سبب معذور ہوگئی ہے۔

ترجمان ای او سی نے بتایا کہ رواں سال سندھ کے 15 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہےجن میں کراچی کے ساتوں اضلاع سمیت حیدرآباد،سکھر ،جامشورو،جیکب آباد،بدین،قمبر ،میرپور خاص اورشکارپور شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔