وزیراعظم 2 روزہ دورے پر تاجکستان پہنچ گئے

 اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف وفد کے ہمراہ تاجکستان کے 2 روزہ دورے پر دوشنبہ پہنچ گئے۔

دوشنبہ ائیرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ، تاجک وزیر توانائی و آبی وسائل دلیر جمعہ، تاجک نائب وزیر خارجہ فرخ شریف زادہ، دوشنبہ کے مئیر جمشید تبر زادہ اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور اور اعلی سرکاری و سفارتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ائیرپورٹ پر تاجک ہم منصب قاہر رسول زادہ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم دوشنبے میں اسماعیل سامانی کی یادگار پر گئے اور پھولوں کا گلدستہ رکھا۔

وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ تاجکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم اپنے دورے میں تاجک قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔