لیاقت آباد کے الیکٹرک آفس کے باہر احتجاج، 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج

اسٹاف رپورٹر  منگل 2 جولائی 2024
(فوٹو : سوشل میڈیا)

(فوٹو : سوشل میڈیا)

کراچی: شریف آباد پولیس نے لیاقت آباد ایف سی ایریا میں واقع کے الیکٹرک کے دفترکے باہر شہریوں کی جانب سے احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے کے واقعے کا مقدمہ تین سو سے چارسو نامعلوم صورت شناس افراد کے خلاف درج کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مقدمہ الزام 24/224 کے الیکٹرک ملازم محمد حسین کی مدعیت میں بلوہ، توڑ پھوڑ اور انتشار پھیلانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

مدعی مقدمہ کے مطابق مشتعل مظاہرین نے دفتر کے عقبی دروازے سے زبردستی اندر داخل ہونے کی کوشش کی، اس دوران دروازہ بھی ٹوٹ گیا، مشتعل مظاہرین نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کیا، پتھراؤ کے دوران دفتر کی پارکنگ میں موجود چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

مدعی کے مطابق مشتعل مظاہرین باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے بھی توڑ کر لے گئے، پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی شناخت کا عمل شروع کردیا۔

واضح رہے کہ منگل کی دوپہر علاقہ مکینوں کی جانب سے طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف لیاقت آباد ایف سی ایریا میں واقع کے الیکٹرک کے دفترکے باہر احتجاج کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔