پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہےکہ ہم نے کوئی گرینڈ الائنس نہیں بنایا اور نہ ہی کبھی الائنس بنانے کی سیاست کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اپنے ایک بیان میں ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ میرے پاس سیاسی لڑائی جھگڑوں کے لئے وقت نہیں ہے جبکہ ہم نے کوئی گرینڈ الائنس بھی نہیں بنایا اورنہ ہی کبھی کوئی الائنس بنانے کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایک ٹھوکر سے گرا سکتے ہیں لیکن محض حکومت گرانا ہماری منزل نہیں ہے ہم ظالمانہ نظام کے خاتمے کے لئے آگے تک جائیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین انقلاب کے رابطہ انچارج ہیں وہ دیگر جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں اور ہم مل کر جلد انقلاب کی کال دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران جلد قانون واحتساب کی گرفت اور جیل میں ہوں گے جبکہ ہمارے اثاثوں کی تحقیقات ایک نہیں بکہ 100 ایف آئی اے سے کرائیں ہمیں کوئی ڈر نہیں ہے۔