شاہد آفریدی کا وزیرستان کے آئی ڈی پیز کیلئے ٹی 20 میچ کے ذریعے فنڈز اکٹھا کرنے کا اعلان

خواہش ہیں کہ ٹی 20 میچ میں ایک ٹیم کی قیادت وزیر اعظم نواز شریف اور دوسری کی عمران خان کریں، شاہد آفریدی


/AFP June 27, 2014
اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کرکے ملک کا قرض چکانا چاہتا ہوں، شاہد آفریدی فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

FAISALABAD: پاکستانی کرکٹ اسٹار اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وہ وزیرستان سے فوجی آپریشن کے دوران نقل مکانی کرنے والوں کے لئے ٹی ٹوئنٹی میچ منعقد کرائیں گے تاکہ ان کی مالی مدد کی جاسکے۔

اپنے چیریٹی فاؤنڈیشن کے افتتاح کے موقع پر کراچی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ وزیرستان سے نقل مکانی کرانے والوں کی مدد کے لئے ٹی ٹوئنٹی میچ کے انعقاد کے حوالے سے انتظامیہ سے رابطے میں ہیں اور اجازت ملنے کے بعد جلد ہی لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچ منعقد کرائیں گے جس میں ان کی خواہش ہے کہ ایک ٹیم کی قیادت وزیر اعظم نواز شریف اور دوسری ٹیم کی قیادت تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کریں اور اس سے حاصل ہونے والی رقم سے نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انہیں بہت کچھ دیا ہے جس کا قرض وہ اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کرکے ادا کرنا چاہتے ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا ان کی فاؤنڈیشن پہلے ہی 16 بستروں پر مشتمل میٹرنٹی اسپتال خیبر پختونخوا کے تنگی بندا گاؤں میں قائم کرچکی ہے جس کا نام ان کے والد فضل الرحمان کے نام پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فنڈز کے ذریعے اسپتال قائم کرنے کا خیال انہیں عمران خان کے شوکت خانم اسپتال سے آیا جو دوسروں کے لئے بھی مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی فاؤنڈیشن بے سہارا خواتین وحضرات کے ساتھ ساتھ ملک کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کی تعلیم اور کھیل کود کی سرگرمیوں کے لئے بھی کام کرے گی تاکہ انہیں شدت پسندی کے راستے سے دور کیا جاسکے۔

بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں میں تعلیم کی کمی کی وجہ سے کوئی بھی انہیں شدت پسندی کی جانب باآسانی مائل کر سکتا ہے تاہم اگر انہیں تعلیم دی جائے تو وہ ملک کے کارآمد شہری ثابت ہوسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |