تحریک انصاف کا 6 جولائی کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان

پوری قوم کے لیے پیغام ہے کہ آزادی اور رول آف لاء کے لیے باہر نکلیں، علی محمد خان


July 02, 2024
(فوٹو : فائل)

پاکستان تحریک انصاف نے 6 جولائی کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ 6 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرے گی، پوری قوم کے لیے پیغام ہے کہ آزادی اور رول آف لاء کے لیے باہر نکلیں، ہماری جنگ ہے کہ طاقتور کو قانون کے نیچے لایا جائے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عید کے بعد بانی پی ٹی آئی سے آج پہلی ملاقات ہوئی ہے، بہت افسوس ہوتا ہے کہ قوم کے لیڈر کو اتنی گرمی میں رکھا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی سے اس عمر میں بہت زیادتی ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کرپٹ نظام اور مافیا کے خلاف نکلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے لوگ چاہتے تھے کہ ایسا لیڈر آئے جو اس ملک کے لیے کھڑا ہو، 340 دنوں میں بانی پی ٹی آئی کو 40 سے 45 ڈگری میں رکھا گیا بانی پی ٹی آئی جیسا لیڈر ن لیگ، پیپلز پارٹی، جمعیت یا جماعت اسلامی میں نہیں ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خاص پیغام ہے جو قوم کے نام دیا گیا ہے، 2 سال سے بانی پی ٹی آئی اقتدار میں نہیں، حالات مزید خراب ہوئے، بجلی، گیس مہنگی کردی گئی، بجٹ میں کئے گئے وعدے بدل دیئے گئے، جہاں سب کے پر جلتے ہیں وہاں کوئی ٹیکس نہیں لگا رہا نہ کوئی بات کر رہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے وزیرعظم ہاؤس کا بجٹ کم کیا، آصف زرداری نے 70 سے 80 کروڑ اضافہ کر دیا، اسمبلی میں ایم این ایز کی تنخواہوں کو بڑھانے کے لیے بل لائے جاتے ہیں۔ ہم نے ایم این اے اور ایم پی اے کے تنخواہوں میں اضافے کی مخالفت کی تھی، موبائل فون پر ٹیکس بڑھایا گیا لیکن بڑے لوگوں پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا۔

علی محمد خان نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین کو دبایا جاتا ہے، موٹی گردن والوں پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا، ان کا کہنا تھا کہ فارم 47 کے وزیراعظم ںے کہا کہ بجٹ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، 6 جولائی کو اسلام آباد میں ہمارا جلسہ ہے، پوری قوم کے لیے پیغام ہے کہ آزادی اور رول آف لاء کے لیے نکلنا ہو گا، ہماری جنگ ہے کہ طاقتور کو قانون کے نیچے لایا جائے، قانون کی حکمرانی ہوئی تو طاقتور اور غریب سب قانون کے دائرے میں ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں