محکمہ تعلیم سندھ امریکی تعلیمی اداروں کے ساتھ آن لائن کوآرڈینیشن پروگرام شروع کرے گا

عائشہ خان  منگل 2 جولائی 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے  نیویارک کے تعلیمی اداروں کے ساتھ کا آن لائن کوآرڈینیشن پروگرام شروع کے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے نیو یارک اسٹیٹ کے اسمبلی اسپیکر فل راموس (Mr Phil Ramos) کی اپنے وفد کے ساتھ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اسکولز کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں لا کر ایک دوسرے سے سیکھنے کے مواقع کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

منگل کے روز کراچی کے نجی ہوٹل میں ہونے والی ملاقات میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی، سیکریٹری کالج ایجوکیشن صدف انیس شیخ، چیف پروگرام مینجر آر ایس یو ڈاکٹر جنید سموں، اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی جبکہ 32 رکنی وفد میں اسمبلی رکن ایلیک بروک، امریکن پاکستانی کمیٹی کے ڈاکٹر اعجاز، امتیاز راہی، امتیاز پیرزادہ، عامر میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے نیو یارک اسٹیٹ کے اسمبلی اسپیکر فل راموس اور آئے ہوئے وفد کو سندھ میں تعلیمی چیلینجز کے سلسلے میں آگاہی دی، صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نےکہا کہ  سندھ کی تعلیم کی ترقی میں امریکی عوام کا قابل تعلیم تعاون رہا ہے، سندھ میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے سیلاب سے متاثر ہونے والے 108 اسکولز کی اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارتیں تعمیر کی گئیں۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ ایک دوسرے سے سیکھنے کے لیے ورچوئل نظام کے تحت تعاون کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ سردار شاہ نے مزید کہا کہ ہم اسکولز کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں لا کر مؤثر کوآرڈینیشن کر سکتے ہیں۔

وفد نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سندھ کے اسکولز اور نیویارک کے اسکولز کے مابین آن لائن کوآرڈینیشن قائم کیا جائے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں ایک سرکاری اور ایک نجی اسکول کا نیویارک کے اسکولز کے ساتھ ورچوئل رابطہ شروع کیا جائے گا۔ سندھ اور نیویارک کے اسکولز کی کانفرنسنگ کنیکٹوٹی سے اساتذہ اور طلبا اور ایک دوسرے معلومات کا تبادلہ کر سکیں گے۔

اس موقع پر نیو یارک اسٹیٹ کے اسمبلی اسپیکر فل راموس نے کہا کہ وہ نیویارک کمیونٹی کے طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن کانفرنسنگ کے ذریعے امریکی طلبہ پاکستان کے بارے میں پاکستانی اساتذہ اور پاکستانی اساتذہ امریکیوں سے سیکھ سکتے ہیں۔

نیو یارک اسٹیٹ کے اسمبلی اسپیکر فل راموس نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی تعلیمی اداروں کے آن لائین کوآرڈینیشن سے تکنینکی تعلیم اور شارٹ کورسز کو بھی متعارف کروایا جا سکتا ہے۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ دونوں ملکوں کو عوام سے عوام تک رابطہ کاری کے سلسلے بڑھانے کے اقدامات کو فروغ دیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔