ومبلڈن میں دفاعی چیمپئن مارکیٹا وونڈروسووا پہلے راؤنڈ میں ناک آؤٹ

ویب ڈیسک  بدھ 3 جولائی 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  لندن: ومبلڈن چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن مارکیٹا ونڈروسووا پہلے راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہوگئیں۔

چیک ریپبلک کی مارکیٹا ونڈروسووا (Marketa Vondrousova) کو اسپین سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر 83 جیسیکا بوزاس مانیرو کے ہاتھوں 6-4، 6-2 سے حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مارکیٹا ونڈروسووا گزشتہ 30 برس میں پہلے ہی راونڈ میں باہر ہونے والی پہلی دفاعی چیمپئن ہیں۔ اس سے قبل 1994 میں جرمن لیجنڈ سٹیفی گراف ابتدائی راؤنڈ میں ہارنے والی آخری دفاعی چیمپئن تھیں جنہیں لوری میک نیل کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

جیسیکا بوزاس نے میچ میں کامیابی پر کہا کہ مارکیٹاونڈروسووا کو شکست دینا میری زندگی اور کیریئر کے اہم ترین لمحات میں سے ایک ہے کیونکہ وہ دنیا کی بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اس لیے میچ میں مجھ پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ مارکیٹا ونڈروسووا گزشتہ ماہ برلن گراس کورٹ ٹورنامنٹ میں گرنے سے اپنے دائیں کولہے پر چوٹ لگنے کے بعد فٹنس کے شکوک و شبہات کے ساتھ لندن پہنچی تھیں۔

جیسیکا بوزاس کو آخری 32 میں جگہ بنانے کے لیے رومانیہ کی اینا بوگڈان یا اپنی ہم وطن کرسٹینا بوکسا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔