کراچی میں بی آر ٹی ریڈ لائن پر جاری کام میں تیزی لانے کی ہدایت

ویب ڈیسک  بدھ 3 جولائی 2024
فوٹو : ایکسپریس ڈیجیٹل

فوٹو : ایکسپریس ڈیجیٹل

  کراچی: سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن کے لاٹ ون اور لاٹ ٹو، بائیو گیس، ڈیپوز پر جاری کام میں تیزی لانے اور دن رات کام کرنے کی ہدایات کر دی۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت یلو لائن بی آر ٹی اور ریڈ لائن بی آر ٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کے دو الگ الگ اجلاس ہوئے جس میں ریڈ لائن کے لاٹ ون اور لاٹ ٹو، بائیو گیس، ڈیپوز پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کام کی پیش رفت جانچنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دینے کی ہدایات بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹیز منصوبے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہٰذا بی آر ٹیز پر کام میں تیزی لائی جائے، دن رات الگ الگ شفٹوں میں کام کرکے بی آر ٹیز کی فوری تکمیل یقینی بنائی جائے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن کے ڈیپوز کی تیاری کے کام میں بھی تیزی لائی جائے جبکہ یلو لائن بی آر ٹی کے کام میں تاخیر کے اسباب کی فوری نشاندہی کرکے سدباب کیا جائے تاکہ کام قبل از وقت مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے، کام کی معیار میں کسی بھی قسم کے کمپرومائز کی اجازت نہیں ہوگی۔

سینیئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بی آر ٹیز پر کام میں مزید تیزی لائی جائے، حکومت چاہتی ہے کہ عوام جلد از جلد بی آر ٹیز سے مستفید ہو سکیں۔

اجلاسوں میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال دایو، ٹرانس کراچی کے حکام، کانٹریکٹرز اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔