وزیراعلیٰ سندھ کی یوسی کی سطح پر ترقیاتی میپ بنانے کی ہدایت

ویب ڈیسک  بدھ 3 جولائی 2024
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں ہجرت کرنے والوں کا بھی ڈیٹا طلب کرلیا:فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں ہجرت کرنے والوں کا بھی ڈیٹا طلب کرلیا:فوٹو:فائل

  کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یونین کونسل( یو سی) کی سطح پر ترقیاتی میپ بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاکستان بیورو آف شماریات کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے ادارہ شماریات کو تمام یوسی اور ٹاؤن کا ڈیٹا مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یو سی اور ٹاؤن آبادی، مکان اور سہولیات کی میپنگ ہو تا کہ ضروریات پر کام کرسکیں۔ ترقیاتی میپ سے معلوم ہوگا کہ کہاں سہولیات دی جانی چاہئیے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ٹاؤن اور یو سی کی سطح پر کچے پکے مکانات  اور صوبے میں ہجرت کرنے والوں کا بھی ڈیٹا طلب کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا ڈیٹا بھی یو سی اور ٹاؤن کی سطح پر چاہئیے۔ بچوں کے ڈیٹا سے معلوم ہو جائے گا کہ کتنے بچے اسکول جا رہے ہیں اور کتنے نہیں۔ یہ بھی ایک تضاد ہے کہ اسکول سے باہر کتنے بچے ہیں۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ میرا منصوبہ ہے کہ ڈیٹا کے حساب سے ترقیاتی منصوبہ تیار کریں۔ ہم بجلی کی سہولت کے لیے بھی ڈیٹا چاہتے ہیں تا کہ سولر پینل مہیا کیے جا سکیں۔ وزیراعلیٰ نے سندھ کے ادارہ شماریات کو وفاقی ادارہ شماریات کے ساتھ رابطے بڑھانے کی ہدایت کی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے چیف ڈاکٹر ندیم نے وزیراعلٰی کو تمام اعداد و شمار مہیا کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔