باجوڑ ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 5 افراد جاں بحق

سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی کو تحصیل ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں نشانہ بنایا گیا، پولیس


ویب ڈیسک July 03, 2024
سابق سینیٹر ہدایت اللہ کو ڈمہ ڈولا کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا—فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کے پی پولیس کے مطابق سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی کو تحصیل ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں نشانہ بنایا گیا اور دھماکہ سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

پولیس نے بتایا کہ ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال خار منتقل کردیا گیا۔

دھماکے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد میں ملک عرفان آف نیاگ بانڈہ، نظر الدین آف ناوگئی، یار محمد اور سمیع الرحمان شامل ہیں۔

 

 

ڈی ایچ کیو اسپتال خار کی انتظامیہ نے کہا کہ جاں بحق پانچوں افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ سابق سینیٹر ہدایت اللہ خیبرپختونخوا کے سابق گورنر شوکت اللہ کے بھائی اور سابق رکن قومی اسمبلی حاجی بسم اللہ خان کے بیٹے تھے۔

صدرمملکت اور وزیراعظم سمیت سیاسی قیادت کی جانب سے واقعے کی مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ اور دیگر افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

آصف علی زرداری نے جاں بحق افراد کے ورثا کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا اور دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی باجوڑ کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں دھماکے میں سابق سینٹر ہدایت اللہ سمیت 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے واقعے کے ذمہ داران کی جلد نشان دہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، دہشت گرد عناصر ملک کے امن و امان اور جمہوریت کے دشمن ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردی کے عفریت کا ملک سے خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے سابق سینٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلانہ حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹر ہدایت اللہ شریف النفس اور محنتی انسان تھے، بطور سینیٹر انہوں نے عوام کی فلاح وبہبود اور ملک کی خوش حالی کے لیے بڑا کام کیا اور ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ ہدایت اللہ کا تعلق ایک سیاسی گھرانے سے تھا اور ان کی علاقے کی ترقی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، بطور سینیٹر انہوں نے ہمیشہ اپنے علاقے کی عوام کے لیے آواز اٹھائی اور پسماندہ طبقات کے لیے جدوجہد کی، اس دلخراش واقعے میں ملوث افراد کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے بھی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور انہوں نے سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

وزیر اعلی خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور نے بھی باجوڑ میں دہشت گردی کے واقعے میں سابق سینیٹر سمیت 3 افراد کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی اور پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔

وزیراعلیٰ کے پی نے پولیس کو واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں