کراچی کے صنعتی علاقوں کو مخصوص پائپ لائنز سے ہائی پریشر گیس فراہم کی جائے گی

کاشف حسن  بدھ 3 جولائی 2024
سوئی سدرن گیس کمپنی نے بتایا کہ اس اقدام سے صنعتی پیداوری نقصانات کم کیے جاسکیں گے—فوٹو: فائل

سوئی سدرن گیس کمپنی نے بتایا کہ اس اقدام سے صنعتی پیداوری نقصانات کم کیے جاسکیں گے—فوٹو: فائل

  کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) کی جانب سے کراچی کے صنعتی علاقوں کو مخصوص پائپ لائنز کے ذریعے ہائی پریشر گیس مہیا کی جائے گی جس سے صنعتوں میں کم پریشر کی وجہ سے ہونے والے پیداواری نقصانات کم کرنے میں مدد ملےگی۔

ایس ایس جی سی نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی نے رواں سال 1500کلو میٹر کی پرانی لائنیں تبدیل کر دی ہیں اور آئندہ سال مزید 2500 کلو میٹر کی گیس لائنیں بچھائی جائیں گی جس سے گیس سسٹم کے اختتام پر واقع علاقوں کو گیس کی فراہمی بہتری ہوگی۔

بیان میں کہا گیا کہ ان علاقوں میں کیماڑی، ڈیفنس فیز 8، لیاری، آئی آئی چندریگر روڈ، شیریں جناح کالونی، گارڈن، جمشید روڈ، کھارادر اور میٹھادر شامل ہیں۔

ایس ایس جی سی کے ایم ڈی عمران منیار نے صحافیوں کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ اس وقت کراچی کے صنعتی علاقوں کو رہائشی علاقوں سے گزرنے و الے نیٹ ورک سے گیس مہیا کی جاتی ہے، گھریلو صارفین کو ہائی پریشر کی ضرورت نہیں ہوتی تاہم صنعتوں کو مطلوبہ پریشر نہ ملنے سے پیداواری نقصانات کا سامنا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعتی علاقوں کو ہائی پریشر گیس کی فراہمی کے لیے اوگرا کی منظوری سے مخصوص لائنیں بچھائی جا رہی ہیں جن کی تنصیب کا عمل رواں سال مکمل کرلیا جائے گا اور ان لائنوں کی تنصیب سے کراچی کی نئی صنعتوں کے مراکز نوری آباد، سپر ہائی وے کے علاوہ موجودہ صنعتی علاقوں لانڈھی، کورنگی اور سائٹ انڈسٹریل ایریا کی صنعتوں کو ہائی پریشر گیس مہیا کی جاسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ  کراچی سے ملحق حب انڈسٹریل زون کی صنعتوں کو بھی خصوصی لائن سے گیس مہیا کی جائے گی تاکہ حب میں تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعتوں کی طلب پوری کی جاسکے۔

عمران منیار نے بتایا کہ سائٹ کے صنعتی علاقے کو ہائی پریشر لائن رواں ماہ آپریشنل ہوگی، 24 انچ قطر کی 31کلو میٹر لائن  کی تنصیب سے سائٹ کے 95 فیصد پریشر سے متعلق مسائل حل ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حب صنعتی علاقے کے لیے خصوصی لائن کی تنصیب ستمبر 2024 تک مکمل ہوگی، لانڈھی صنعتی ایریا کو 16 انچ قطر کی 6.2کلو میٹر لائن پاکستان اسٹیل گیٹ سے یوسف گوٹھ تک بچھائی جاچکی ہے، جس سے گیس کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نادرن بائی پاس اور سائٹ سپر ہائی وے، احسن آباد کی صنعتوں کی ضرورت پوری کرنے کے لیے کے ٹی سی ٹی بی ایس معمار تک 16 انچ قطر کی 10کلو میٹر طویل خصوصی لائن کا بھی ٹینڈر کیا جاچکا ہے۔

ایم ڈی نے بتایا کہ اسی طرح عظیم پورہ سے جام صادق پل تک 20 انچ قطر کی 9کلو میٹر طویل پائپ لائن سے کورنگی انڈسٹریل ایریا کو گیس فراہم کی جائے گی، یہ لائن 15 جولائی سے آپریشنل ہوگی جبکہ لانڈھی کی صنعتوں کے لیے شیدی گوٹھ سے لانڈھی تک 20 انچ قطر کی 11کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں کے ساتھ گھریلو علاقوں کی فرسودہ اور پرانی لائنوں کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اتحاد ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن کو گیس کی فراہمی کے لیے 12 انچ قطر کی 4.5کلو میٹر لائن بھی رواں ماہ مکمل ہوگی، جس سے ان علاقوں میں گیس کے مسائل حل ہوں گے۔

عمران منیار نے بتایا کہ صنعتوں کو 8 پی ایس آئی پریشر کی گیس مہیا کی جائے گی، گھریلو صارفین کو 2پی ایس آئی گیس کا پریشر ملے گا جو گھریلو استعمال کے لیے کافی ہوگا، صنعتوں کے لیے مخصوص لائنوں سے مانیٹرنگ آسان ہوگی اور زیادہ سے زیادہ پریشر صنعتوں کو ملے گا، اس طرح گھریلو علاقوں کی لائنوں سے گزرنے کی وجہ سے پریشر میں کمی اور لیکج کے نقصانات بھی کم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری میں گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے پائپ لائن کی تنصیب کا کام جاری ہے جو اکتوبر تک مکمل کرلیا جائے گا، لیاری کے مکینوں کو موسم سرما میں گیس کی فراہمی بہتر ہوگی،گارڈن کی گنجان آبادی میں نئی لائنوں کی تنصیب  کا ٹینڈر بھی جاری کر دیا ہے جو اکتوبر تک مکمل کرلی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔