حصص مارکیٹ خریداری کو ترجیح 2 نفسیاتی حدیں بحال

انڈیکس155 پوائنٹس اضافے سے 29343 ہوگیا، مارکیٹ سرمایہ 62 ارب 59 کروڑ روپے بلند، 14 کروڑ 61 لاکھ حصص کا لین دین

انڈیکس155 پوائنٹس اضافے سے 29343 ہوگیا، مارکیٹ سرمایہ 62 ارب 59 کروڑ روپے بلند، 14 کروڑ 61 لاکھ حصص کا لین دین۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بعض مثبت اطلاعات کے سبب آئل اینڈ ریفائنری سیکٹر میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے جمعہ کو بھی تیزی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی29200 اور29300 کی 2 حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں۔


حصص کی مالیت میں مزید62 ارب59 کروڑ27 لاکھ7 ہزار442 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جمعہ کی تیزی میں اوجی ڈی سی ایل اور سیمنٹ سیکٹرنے اہم کردار ادا کیا، پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے ایلوکیشن بڑھنے سے سیمنٹ سیکٹر کی کمپنیوں میں سرمایہ کاری حجم بڑھا جو تیزی کا باعث بنا، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 59 لاکھ61 ہزار890 ڈالر کا انخلا بھی کیا گیا تاہم مارکیٹ میں تیزی کے اثرات غالب رہے کیونکہ غیرملکیوں نے25 لاکھ65 ہزارڈالر، این بی ایف سیز 2 لاکھ25 ہزار اور انفرادی سرمایہ کاروں نے 31 لاکھ71 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس155.23 پوائنٹس اضافے سے 29343.76 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس91.62 پوائنٹس بڑھ کر 20153.79 اور کے ایم آئی30 انڈیکس212.60 پوائنٹس اضافے سے46896.98 ہوگیا، کاروباری حجم 2.01 فیصد کم رہا، 14 کروڑ 61 لاکھ 86 ہزارحصص کا لین دین ہوا، کاروباری سرگرمیاں 335 کمپنیوںتک محدود رہیں،148 کے بھائو میں اضافہ، 167 کے دام میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story