وزیر اعلیٰ سندھ اور عذرا پیچوہو کی نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے ساتھ ملاقات
ملاقات کا مقصد نرسوں کو امریکا میں کام کرنے کی اجازت دینے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال تھا
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر صحت و آبادی بہبود سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فلپ راموس اور نیویارک اسمبلی کے ریپبلکن اسمبلی مین مسٹر ایلک بروک کراسنی سے ملاقات کی۔
ملاقات کا مقصد نرسوں کو امریکا میں کام کرنے کی اجازت دینے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال تھا۔امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی (APPAC) بھی ملاقات کا حصہ تھی۔وفد میں ایپک کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد، ایپک کے صدر امتیاز راہی اور ڈائریکٹر ایپک ڈاکٹر پرویز اقبال شامل تھے۔
ڈائریکٹر ہیلتھ ڈویلپمنٹ مسٹر دبیر اے خان، سی ای او ایس آئی ای ایچ ایس بریگیڈیئر (ر) طارق لکھیر، اے کے یو میں نرسنگ کے سربراہ ڈاکٹر رفعت جان، ڈاؤ یونیورسٹی کی پرنسپل نرسنگ محترمہ روبینہ قاسم، پرنسپل نرسنگ لمس محترمہ پروین اور پرنسپل کورنگی نرسنگ کالج مسٹر شبیر جھٹیال نے شرکت کی۔
اجلاس میں نرسوں کو امریکا بھیجنے کے عمل میں درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کی گئی۔ دونوں فریقوں نے امریکا میں کام کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں امریکا اور پاکستان دونوں میں اسٹاف لیول کمیٹی کو مطلع کیا جائے گا۔