ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈ؛ پاکستان کی آسٹریلیا کیخلاف 5 وکٹوں سے فتح

ویب ڈیسک  جمعرات 4 جولائی 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

برمنگھم: چیمپئنز آف لیجنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے یونس خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کینگروز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ماضی کے سپر اسٹار سے سجے اس ٹورنامنٹ کا یہ میچ برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا، پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

آسٹریلیا لیجنڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے، کینگروز کی جانب سے سب سے نمایاں بیٹر ایرون فنچ تھے جنہوں نے 68 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ کیلم فرگوس 26، بین ڈک 27، ناتھن کالٹر 25 اور شان مارش نے 16 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: لیجنڈز کرکٹ، پاکستان اور بھارت چیمپیئنز کا 6 جولائی کو مقابلہ

پاکستان لیجنڈز کی جانب سے شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سعید اجمل، وہاب ریاض اور سہیل تنویر کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے دو گیندیں قبل 5 وکٹوں پر191 رنز بنا کر میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

پاکستان کے لیجنڈری بیٹسمین یونس خان سب سے نمایاں بیٹر تھے جنہوں نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، مصباح الحق نے 46 رنز بنائے، شعیب ملک 23، صہیب مقصود 21 اور شرجیل خان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بریٹ لی اور ناتھن کالٹر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر یونس خان کو “پلیئر آف دی میچ” قرار دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔