کوئٹہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبارِ زندگی ٹھپ شہری بلبلا اٹھے
بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبارِ زندگی ٹھپ ہوکر رہ گیا، جس سے شہری بلبلا اٹھے۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بجلی کی 8 سے 12 گھنٹے تک اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جناح ٹاوٴن، سریاب ،قمبرانی، جان محمد روڈ ،جناح روڈ ، ائیرپورٹ روڈسمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہو گئے۔
شہر کے کاروباری علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ سے تاجر برادری کو بھی مشکلات کا سامنا ہے جب کہ خواتین کو بھی امور خانہ داری میں بجلی کی بار بار لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کیسکو نے اضافی لوڈشیڈنگ کو معمول بنا لیا ہے۔ سخت گرمی میں خواتین، بچے، بوڑھے اور بیمار ذہنی اذیت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ باقاعدگی سے بل ادا کرنے کے باوجود بجلی کی طویل بندش سمجھ سے بالا ہے۔