مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اڈّے میں پُراسرار دھماکے؛ ہلاکتوں کا خدشہ

ویب ڈیسک  جمعرات 4 جولائی 2024
گرنیڈ دھماکوں میں بھارتی فوج کے دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت نازک ہے

گرنیڈ دھماکوں میں بھارتی فوج کے دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت نازک ہے

سرینگر: مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں نیم فوجی دستے راشٹریہ رائفلز کے بٹالین کا ہیڈکوارٹر دھماکوں سے گونج اُٹھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں میں نیم فوجی دستے کے کیمپ میں دھماکوں کے بعد افراتفری مچ گئی۔ افسران کی دوڑیں لگ گئیں اور سائرن بجنے لگے۔

دھماکے میں کم از کم 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنھیں ملٹری اسپتال ادھم پور پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

زخمی اہلکاروں کی شناخت سپاہی انیل کمار اور ستویر سنگھ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ مبینہ طور پر یہ دونوں اہلکار گرنیڈ کے باکس کو منتقل کررہے تھے اور اس وقت دھماکا ہوگیا۔

بھارتی فوج کے افسران نے دھماکے کی نوعیت کے بارے میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور واقعے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں جب بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ اہلیت اور قابلیت کی قلعی کھل گئی ہو۔ اس سے قبل ایک واقعے میں مرمت کے دوران میزائل چل گیا تھا جو پاک سرحد میں گرا تھا۔

اس واقعے پر بھارتی فوج کو عالمی سطح پر سبکی اُٹھانا پڑی تھی اور پاک فوج نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو اس سنگین غلطی اور غیر ذمہ داری کا احساس دلایا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔