محرم میں سیکیورٹی یقینی بنانے کیلیے راولپنڈی پولیس کو اضافی نفری فراہم

ویب ڈیسک  جمعرات 4 جولائی 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 راولپنڈی: محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی پولیس کو اضافی نفری فراہم کر دی گئی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اضافی نفری فراہمی کی منظوری دی۔ پنجاب ہائی پیٹرولنگ پولیس کے 400 افسران و جوان آر پی او راولپنڈی کی ثوابدید پر ہوں گے۔

ضلع راولپنڈی کے لیے مجموعی طور پر 15 ریزرو فورس جو 20 افسران و جوانوں پر مشتمل ہے مہیا کی گئی ہے۔ پنجاب کانسٹیبلری کی تمام آلات سے لیس 7 ریزرو فورس اور پولیس ٹرینگ انسٹیوٹس سے 8 ریزو فورس سی پی او اور ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی کی ثوابدید پر ہوگی۔

ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی حافظ کامران اصغر نے بتایا کہ مجموعی طور پر ساڑھے سات ہزار پولیس فورس راولپنڈی میں سیکیورٹی ڈیوٹیاں سرا نجام دے گی، عاشورہ کے مرکزی جلوس کے لیے سیکیورٹی کے الگ سے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سیکیورٹی انتظامات میں فرائض سر انجام دیں گے۔

ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ پاک فوج اور رینجرز کی بھی دو دو کمپنیز طلب کی گئی ہیں جوکہ اسٹینڈ بائی پوزیشن پر رہیں گے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اشتعال انگیزی کے خطرے کے پیشِ نظر فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کے سیکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عمل در آمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کو چیکنگ میں استعمال کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے گی، نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے مرتکب قانون شکنوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔