ہیٹ ویو میں کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کیخلاف کیس کا تحریری حکم نامہ جاری

کے الیکٹرک نے ایکشن پلان اور سماجی ذمہ داری سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی

کے الیکٹرک نے ایکشن پلان اور سماجی ذمہ داری سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی

سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی جانب سے ہیٹ ویو کے دوران بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بندش کیخلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ اور کے الیکٹرک کے وکیل عابد زبیری عدالت میں پیش ہوئے۔


کے الیکٹرک کے وکیل نے درخواست کی کاپی طلب کی اور ہیٹ ویو کے دوران کئے گئے ایکشن پلان اور ادا کی گئی سماجی ذمہ داری سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی۔ عدالت نے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔

عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا تھا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداوار اور ٹرانسمیشن لائنز کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ہے۔ گرمی میں صارفین کو بار بار لوڈشیڈنگ اور طویل غیر اعلانیہ بریک ڈاؤن کا سامنا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ حالیہ ہیٹ ویو میں بڑی تعداد میں شہریوں کی زندگیوں کا نقصان ہوا ہے جس کی ایک وجہ بجلی کی عدم فراہمی بھی ہے۔ ہیٹ ویو کی پیشگوئی کے باوجود کے الیکٹرک نے انفراسٹرکچر کو مکمل آپریشنل رکھنے کے لئے کوئی غیر معمولی اقدامات نہیں اٹھائے۔
Load Next Story