پنجاب میں چھ ماہ کے دوران 57 ہزار چھاپے، 30 ہزار منشیات فروش گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 4 جولائی 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے زیر نگرانی منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی، رواں سال کی پہلی ششماہی میں صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 57 ہزار سے زائد ریڈز کیے گئے جس میں تیس ہزار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مکروہ دھندے میں ملوث 30 ہزار سے زائد گرفتار  کے خلاف 29922 مقدمات درج  کیے گئے،  ملزمان کے قبضے سے 17182 کلوگرام چرس اور 171 کلوگرام آئس نشہ برآمد کرلیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 360 کلوگرام ہیروئن پاوڈر، 702 کلوگرام افیون، 4 لاکھ 40 ہزار لٹرز شراب بھی برآمد کی گئی، نشے کے عادی 666 افراد کو بحالی مراکز میں داخل کروایا گیا۔

ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو منشیات کے قلع قمع کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ منشیات کی سپلائی چین، آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔

ڈاکٹر عثمان انور نے یہ بھی کہا ہےکہ تعلیمی اداروں میں نشے کا زہر پہنچانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔